سندھ کے تعلیمی ڈیٹا پر بڑا تنازع، سردار شاہ نے سینیئر صحافی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ نے ایک سینیئر صحافی کی جانب سے سندھ کے محکمہ تعلیم سے متعلق مبینہ طور پر غلط ڈیٹا شیئر کیے جانے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے صحافی سے سندھ کے عوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔
سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ نے کہا کہ دو روز قبل ملک کے ایک مایہ ناز صحافی کی جانب سے سندھ کے محکمہ تعلیم کا غلط ڈیٹا شیئر کیا گیا، جبکہ سندھ اسمبلی میں فریال تالپور کی جانب سے وحدتِ سندھ کے حوالے سے کی گئی گفتگو کو محکمہ تعلیم کے اعداد و شمار کے ساتھ جوڑ دیا گیا۔
سردار شاہ کے مطابق معاملے کا دوسرا پہلو جذباتی ہونے کے ساتھ ساتھ سیاسی بھی تھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے اس معاملے پر مشترکہ اور متفقہ آواز بلند کی، اس لیے سینیئر صحافی کو اس پر معذرت کرنی چاہیے تھی۔
صوبائی وزیر تعلیم نے مطالبہ کیا کہ سینیئر صحافی پروفیشنلزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے سندھ کے عوام سے معافی مانگیں اور غلط معلومات کی وضاحت کریں۔
سردار شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے موجودہ تعلیمی مسائل کو صرف ایک صوبے یا ایک ہی زاویے سے نہیں دیکھا جاسکتا۔ پاکستان میں تعلیمی نظام کو درپیش مسائل قیامِ پاکستان 1947 سے آج تک مختلف پیچیدگیوں کے ساتھ موجود رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے مسائل کا جامع جائزہ لینا ضروری ہے اور کسی بھی صوبے سے متعلق اعداد و شمار یا سیاسی بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے سے غلط تاثر پیدا ہوسکتا ہے۔
سردار شاہ کے بیان کے بعد سندھ کے تعلیمی اعداد و شمار، میڈیا رپورٹنگ اور سیاسی بیانات کو آپس میں جوڑنے کے معاملے پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔



