پٹرولیم لیوی پر حکومت اور جماعت اسلامی آمنے سامنے، مذاکرات کے لیے اہم بیٹھک شروع

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاج کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے لیے اہم پیشرفت سامنے آگئی، جماعت اسلامی کا اعلیٰ سطحی وفد وزارتِ منصوبہ بندی پہنچ گیا جہاں حکومتی مذاکراتی ٹیم سے مذاکرات کیے جائیں گے۔
جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کر رہے ہیں، جبکہ وفد میں سید فراست شاہ، نصراللہ رندھاوا، عنایت اللہ خان، ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ، نوید علی بیگ اور شاہد نعیم شامل ہیں۔
حکومتی مذاکراتی ٹیم کی قیادت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کر رہے ہیں۔ حکومتی ٹیم میں رانا ثناء اللہ خان، علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران جماعت اسلامی کی جانب سے پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کی جائیں گی، جبکہ حکومت کی جانب سے جماعت اسلامی کے مطالبات اور تجاویز پر مؤقف سامنے رکھا جائے گا۔
جماعت اسلامی کا واضح مؤقف ہے کہ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کیا جائے، تاہم مذاکرات کامیاب ہونے تک احتجاجی دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان ہونے والے یہ مذاکرات سیاسی طور پر بھی اہم قرار دیے جا رہے ہیں، کیونکہ مذاکرات کی کامیابی یا ناکامی کا براہِ راست اثر جاری احتجاج اور دھرنے کی آئندہ حکمت عملی پر پڑ سکتا ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ مذاکراتی میز پر کوئی قابلِ قبول فارمولا سامنے آتا ہے یا پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج مزید شدت اختیار کرتا ہے۔



