پمز اسپتال میں بڑی اصلاحات کی تیاری، 20 رکنی خصوصی کمیٹی قائم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پمز اسپتال کے انتظامی و انتظامی امور میں اصلاحات کے لیے 20 رکنی خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی، جس میں سرکاری اور نجی شعبے کے نامور ماہرینِ صحت شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق خصوصی کمیٹی پمز اسپتال کے انتظامی معاملات کا تفصیلی جائزہ لے گی اور اسپتال کے امور بہتر انداز میں چلانے کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔
کمیٹی اپنی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کرے گی، جس کی روشنی میں وزیراعظم پمز اسپتال کے مستقبل کے انتظامی ڈھانچے سے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال کے انتظام کے لیے بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ آتشزدگی کے سانحے میں پمز اسپتال میں 14 نوزائیدہ بچوں کی المناک اموات ہوئی تھیں۔ سانحے کے بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 افسران معطل کیے جاچکے ہیں جبکہ معطل افسران کے خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔



