پاکستان کی سفارتی دوڑ تیز، ایران تنازع پر مصر اور سعودی عرب سے اہم رابطے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان نے سفارتی کوششیں تیز کردی ہیں، مصر اور سعودی عرب کے ساتھ اعلیٰ سطح کے اہم رابطوں میں تنازع کو مزید پھیلنے سے روکنے، کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کی بحالی پر زور دیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس کے دوران علاقائی صورتحال اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کی بحالی کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو کی۔ پاکستان اور مصر نے امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد دوبارہ شروع کرنے اور تنازع کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان اور مصر کا اہم فیصلہ
ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی سلامتی سے متعلق معاملات پر قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے اسحاق ڈار کو جلد مصر کے دورے کی دعوت بھی دی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں میں مزید تیزی کا عندیہ ملتا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ سے بھی اہم رابطہ
دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی فورمز پر باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی، جبکہ مکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں طے پانے والی مفاہمت پر بھی بات چیت ہوئی۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران استنبول اجلاس میں طے پانے والی مفاہمت پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال پر قریبی روابط اور مسلسل مشاورت برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ پاکستان کی جانب سے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی راستے سے مسائل کے حل کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔



