سی سی ڈی سب انسپکٹر کو شہید کرنے والا خطرناک ملزم عمر خان پولیس مقابلے میں ہلاک


راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) سی سی ڈی سب انسپکٹر عدنان غیور کو فائرنگ کرکے شہید کرنے والا ملزم عمر خان پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم عمر خان نے آج صبح سی سی ڈی سب انسپکٹر عدنان غیور کو فائرنگ کرکے شہید کیا اور موقع سے فرار ہوگیا تھا۔ ملزم اس سے قبل بھی گرفتاری سے بچنے کے لیے سی سی ڈی کے ایک اہلکار پر فائرنگ کرکے فرار ہوچکا تھا۔
سب انسپکٹر کی شہادت کے بعد سی سی ڈی کی خصوصی ٹیموں نے ملزم کا تعاقب شروع کیا اور اسے راولپنڈی کے علاقے میں ٹریس کرلیا۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق ٹیم نے ملزم کو ہتھیار ڈالنے کا کہا، تاہم اس نے گرفتاری دینے کے بجائے اہلکاروں پر براہِ راست فائرنگ شروع کردی۔ سی سی ڈی ٹیم نے سیلف ڈیفنس میں جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ملزم عمر خان ہلاک ہوگیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اپنے اہلکاروں کی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے منظم جرائم کے خاتمے کے لیے جدوجہد کررہا ہے اور جرائم پیشہ عناصر کی مکمل سرکوبی تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔