پی آئی اے کا لندن کیلئے پروازوں میں اضافہ، 27 اکتوبر سے روزانہ فلائٹس چلیں گی


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے لندن کے لیے اپنی پروازوں میں اضافہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق 27 اکتوبر 2026 سے پاکستان سے لندن کے لیے روزانہ پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ نئے شیڈول کے تحت اسلام آباد اور لاہور سے لندن کے درمیان ہفتہ وار 7 پروازیں چلائی جائیں گی، جن میں 5 پروازیں اسلام آباد جبکہ 2 لاہور سے ہوں گی۔
پی آئی اے اس وقت لندن کے لیے ہفتہ وار 4 پروازیں چلا رہا ہے، جبکہ ایئرلائن نے رواں سال 30 مارچ سے لاہور اور لندن کے درمیان براہِ راست پروازیں بھی بحال کردی تھیں۔
ترجمان کے مطابق پروازوں کی تعداد میں اضافہ مسافروں کے اعتماد اور بڑھتی ہوئی سفری طلب کا مظہر ہے۔ لندن روٹ پر پروازوں کی فریکوئنسی بڑھنے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطہ مزید بہتر ہوگا۔