لاہور ہائیکورٹ کا اہم فل کورٹ اجلاس 5 ستمبر کو طلب، تمام ججز کی شرکت ہوگی


لاہور (جانوڈاٹ پی کے) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے عدالت عالیہ کے تمام ججز کا فل کورٹ اجلاس 5 ستمبر کو طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت چیف جسٹس عالیہ نیلم کریں گی، جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے تمام ججز اجلاس میں شرکت کریں گے۔ علاقائی بنچوں پر فرائض انجام دینے والے ججز بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فل کورٹ اجلاس میں عدالتی کارروائیوں، زیرِ التوا مقدمات اور ججز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ زیرِ التوا کیسز کو نمٹانے کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل بھی زیر غور آئے گا۔
اجلاس میں صوبے کی ماتحت عدلیہ کو درپیش مسائل پر بھی غور کیا جائے گا، جبکہ سائلین کو درپیش مشکلات کے حل، کیس مینجمنٹ اور عدالتی نظام میں بہتری کے امور بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔