لاہور میں سولر بجلی کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ، لیسکو کی ڈیمانڈ 4700 سے 3000 میگاواٹ تک گر گئی


لاہور (جانوڈاٹ پی کے) بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث لاہور میں سولر سسٹم سے بجلی کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہونے لگا ہے، لیسکو کے ایک لاکھ 36 ہزار صارفین نے صرف ایک ماہ میں 9 کروڑ 95 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی۔
ذرائع کے مطابق لیسکو کے سولر صارفین نے 4 کروڑ یونٹس بجلی گرڈ کو ایکسپورٹ کی، جس کے عوض بجلی کے بلوں میں صارفین کو اربوں روپے کا فائدہ حاصل ہوا۔
لیسکو میں سولر بجلی کی پیداوار نیٹ میٹرنگ اور نیٹ بلنگ پالیسی کے تحت کی گئی، جبکہ آف گرڈ سسٹم رکھنے والے صارفین نے بھی الگ سے بجلی پیدا کی۔
رپورٹ کے مطابق آن گرڈ اور آف گرڈ سولر سسٹمز سے بجلی کی پیداوار کے باعث لیسکو کی طلب میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دن کے اوقات میں لیسکو کی بجلی کی ڈیمانڈ 4700 میگاواٹ سے کم ہو کر تقریباً 3000 میگاواٹ تک پہنچ گئی۔
یوں بڑھتی ہوئی سولر پیداوار نہ صرف صارفین کے بجلی کے بلوں میں کمی کا باعث بن رہی ہے بلکہ دن کے اوقات میں لیسکو کے مجموعی بجلی کے بوجھ میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔