ملتان ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، 3 سال سے مطلوب اشتہاری ملزم گرفتار


ملتان (جانوڈاٹ پی کے) ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے تین سال سے سنگین مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم محمد سجاول کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم 2023 سے پنجاب پولیس کو مطلوب تھا اور اس کے خلاف تھانہ رجانہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، جبکہ اس کا نام اسٹاپ لسٹ میں بھی شامل تھا۔
حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ریڈ نوٹس جاری کر رکھا تھا۔ پاکستان پہنچنے پر ملزم کو ملتان ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیا گیا۔
گرفتاری کے بعد ایف آئی اے امیگریشن ملتان نے ملزم کو پنجاب پولیس حکام کے حوالے کردیا۔ حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری انٹرپول اسلام آباد اور ایف آئی اے امیگریشن ملتان کے درمیان قریبی رابطہ کاری کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔