پنجاب کے ساڑھے 3 ہزار سے زائد دیہات میں بڑا منصوبہ، سیوریج، ڈرینج اور پکی گلیوں کی سہولت دینے کا فیصلہ


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ساڑھے تین ہزار سے زائد دیہات میں سیوریج، ڈرینج اور پکی گلیوں کے منصوبے شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ نے مثالی گاؤں کے قیام کیلئے کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشن متعارف کرانے کی منظوری بھی دے دی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر، کمیونٹی ہیلتھ موبلائزر، سیکرٹری یونین کونسل، ہیڈ ماسٹر اور دیگر متعلقہ افراد کو دیہی ترقی کے منصوبوں میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ارکان اسمبلی کو رورل ڈویلپمنٹ منصوبوں کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری سونپنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز نے پنجاب کے دیہات میں ڈرینج اور سیوریج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے جبکہ گاؤں کی گلیاں پختہ اور خوبصورت بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کو ٹوٹی پھوٹی گلیوں اور گندے پانی کی مشکلات سے دوچار نہیں دیکھ سکتی۔ ہر گاؤں اور دیہات میں ڈرینج، سیوریج اور پکی گلیوں کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دیہات کے لوگوں کا بھی وسائل پر پورا حق ہے۔ مثالی گاؤں پراجیکٹ ان کے دل کے بہت قریب ہے اور وہ ہر گاؤں کی حالت بدلنا چاہتی ہیں۔