اسحاق ڈار کی کرغز وزیر خارجہ سے اہم ملاقات، تجارت، توانائی اور علاقائی روابط بڑھانے پر اتفاق

بشکیک(جانوڈاٹ پی کے) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کرغزستان کے وزیر خارجہ سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کرغزستان کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط کے فروغ سمیت علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات وزیراعظم شہباز شریف کی کرغز صدر صادر ژاپاروف سے ملاقات سے قبل بشکیک میں ہوئی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کرغزستان کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کامیاب صدارت اور مؤثر میزبانی پر مبارکباد دی اور ایس سی او کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں کرغز قیادت کے کردار کو سراہا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط بڑھانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں علاقائی سلامتی اور عوامی روابط کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی و عالمی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

کرغزستان کے وزیر خارجہ نے پاکستان کو ایس سی او کی 2026-27 کی سربراہی سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان تنظیم کے ایجنڈے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھائے گا۔

کرغز وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے ایس سی او اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں

Back to top button