نو مئی کے مقدمات: اعجاز چوہدری کی 3 مقدمات میں ضمانت پر سماعت ملتوی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعجاز چوہدری کی نو مئی کے مقدمات میں تین ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے درخواستوں پر سماعت کی۔ اعجاز چوہدری کے وکیل میاں علی اشفاق دلائل کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مزید مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی۔

اعجاز چوہدری کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پراسیکیوشن ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ مؤخر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اعجاز چوہدری نے جناح ہاؤس حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

اعجاز چوہدری نو مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میں نامزد اہم ملزمان میں شامل ہیں۔ ان پر کارکنوں کو جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد کارروائیوں پر اکسانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button