میر رضا کیس میں اہم پیشرفت، قبر کشائی بورڈ نے موت کو خودکشی قرار دینے سے انکار کردیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) میر رضا کیس میں پولیس سرجن کراچی کے قبر کشائی بورڈ نے حتمی رپورٹ جاری کردی، جس میں موت کی وجہ دل پھٹنا قرار دی گئی ہے، جبکہ دل پھٹنے کی بنیادی وجہ سینے پر آتشی اسلحے سے لگنے والی سوراخ کرنے والی چوٹ بتائی گئی ہے۔
قبر کشائی بورڈ کے مطابق میر رضا کے سینے پر گولی کا زخم پشت کی جانب سے داخل ہو کر سامنے کی طرف خارج ہوا۔ رپورٹ میں قرار دیا گیا ہے کہ دستیاب شواہد موت کو خودکشی قرار دینے سے مطابقت نہیں رکھتے اور موت کے طریقہ کار کو بھی خودکشی سے غیر مطابقت قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق میر رضا کی شرٹ پر ہائیڈروکلورک ایسڈ کی موجودگی کی تصدیق ہوئی، جبکہ خون کے نمونے میں بے ہوش کرنے والی دوا بیوپیواکین کے آثار پائے گئے۔ تاہم لیبارٹری رپورٹ میں نشہ آور، سکون آور یا زہریلے مادوں کے شواہد نہیں ملے۔
قبر کشائی بورڈ کا کہنا ہے کہ میر رضا کی شرٹ کے نمونوں میں فائرنگ سے پیدا ہونے والے ذرات کے آثار بھی ملے۔ شرٹ کے اگلے اور پچھلے دونوں حصوں سے سیسہ اور بیریم کے آثار پائے گئے، جو آتشیں اسلحے سے فائرنگ کے ذرات سے مطابقت رکھتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ زخم کے پچھلے حصے کے اطراف گولی چلنے کے ذرات نسبتاً زیادہ مقدار میں موجود تھے۔



