لاہور میں منشیات فروشی کے بڑے نیٹ ورک کا انکشاف، اسلام آباد سے پوش علاقوں تک ویڈ اور آئس کی سپلائی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) شہر میں پنکی طرز کے منشیات فروشی کے ایک مبینہ نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے، جس میں اسلام آباد سے لاہور تک ویڈ اور آئس کی سپلائی کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق منشیات فروشی کے مقدمات میں گرفتار ملزمان نے ویڈ اور آئس کے مبینہ ڈیلر کا نام ظاہر کیا ہے۔ پولیس ریکارڈ میں اسلام آباد کے علاقے ای الیون کا رہائشی احمد عرف پیر لالہ خان ویڈ اور آئس کا بڑا سپلائر بتایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد اور لاہور پولیس کے درمیان مبینہ رابطوں کے فقدان کے باعث احمد عرف پیر لالہ خان کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص مبینہ طور پر صرف لاہور میں منشیات سپلائی کرتا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈیفنس، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن اور کیولری سمیت لاہور کے پوش علاقوں میں ہائی سوسائٹی کو ویڈ اور آئس کی مبینہ سپلائی بھی اسی نیٹ ورک کے ذریعے کی جاتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں نے مبینہ طور پر نہ صرف مختلف علاقوں بلکہ شہروں کو بھی تقسیم کررکھا ہے۔ سی سی ڈی پولیس ذرائع کے مطابق جس طرح پنکی لاہور میں بیٹھ کر کراچی منشیات سپلائی کرتی تھی، اسی طرح احمد عرف پیر لالہ خان مبینہ طور پر اسلام آباد سے لاہور میں منشیات سپلائی کرتا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق احمد عرف پیر لالہ خان طویل عرصے سے لاہور میں مبینہ طور پر منشیات کی سپلائی کے دھندے میں ملوث ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔



