خواجہ آصف کا لاہور ایئرپورٹ کا دورہ، مسافروں کی سہولت کیلئے اضافی سرچ کاؤنٹر قائم کرنے کی ہدایت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مسافروں کی سہولیات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق خواجہ آصف نے خواتین مسافروں کی جلد کلیئرنس اور انتظار کا وقت کم کرنے کیلئے اضافی سرچ کاؤنٹرز قائم کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر دفاع نے نئے تعمیر شدہ امیگریشن ایریا اور جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا، جبکہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک ڈپارچر ایریاز میں مسافروں کیلئے کیے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔

خواجہ آصف نے لاہور ایئرپورٹ پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا اور مختلف سہولیات کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔

پی اے اے کے مطابق وفاقی وزیر نے ایئرپورٹ پر ٹریفک کے رش میں کمی کیلئے ڈپارچر ڈراپ آف لین کی توسیع کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ڈومیسٹک ڈپارچر ایریا کی جاری تعمیر میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے ساتھ مسافروں کی سہولت کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا۔

مزید خبریں

Back to top button