نئے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر قرار، شاہد خاقان، عمران اسماعیل اور فاروق ستار کا اتفاق

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کو ناگزیر قرار دے دیا۔
کراچی میں گورننس پر نظر ثانی سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سب سے پہلے اضلاع میں آبادی کے تناسب سے فنڈز تقسیم کیے جائیں، کیونکہ صوبائی حکومتوں کا نظام بگڑ چکا ہے اور وزیراعلیٰ و چند سیکریٹریز ہی اہم فیصلے کرتے ہیں۔
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کا قیام اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ناگزیر ہے۔ ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو جذباتیت ترک کرکے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر قومی ایجنڈا بنانا ہوگا۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں میئر کو بااختیار بنایا جاتا ہے، جبکہ پاکستان میں میئرز اختیارات اور فنڈز نہ ہونے کی شکایت کرتے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے دور میں بھی بلدیاتی نظام کو مؤثر انداز میں چلنے نہیں دیا گیا۔
ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے تجویز دی کہ انتظامی یونٹس کے قیام کیلئے عوامی ریفرنڈم کرایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام مسائل کا حل ہے اور اس سے صوبوں کے جغرافیے میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
فاروق ستار نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے ذریعے عوامی مسائل زیادہ مؤثر انداز میں حل کیے جاسکتے ہیں، جبکہ طرز حکمرانی اور احتساب کا نظام بھی مضبوط ہوگا۔



