عمران خان کی صحت سے متعلق دعوے من گھڑت ہیں، بیرون ملک پی ٹی آئی حامی بحران چاہتے ہیں، خواجہ آصف


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نے پریس کانفرنس میں واضح طور پر کہا تھا کہ عمران خان بالکل فٹ ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن کا بیان قطعی اور فیصلہ کن ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہن اور ذاتی ڈاکٹر کے اطمینان بخش بیانات بیرون ملک موجود حامیوں کو پسند نہیں آئے۔
وزیر دفاع کے مطابق بیرون ملک بیٹھے پی ٹی آئی کے حامی ایسے ماحول کے خواہاں ہیں جس میں غم اور بے چینی پیدا ہو، خوف و ہراس پھیلے اور بڑے پیمانے پر احتجاج شروع ہوں، تاکہ ایسا بحران پیدا کیا جاسکے جو حکومت کی تبدیلی اور بانی پی ٹی آئی کی واپسی کا باعث بنے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے، تاہم صورتحال کو اپنے حق میں کرنے کی کوششیں اب بھی غیر ملکی میڈیا کے ذریعے جاری ہیں۔
وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ کیا اس بات پر اصرار کیا جارہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت تیزی سے خراب ہورہی ہے؟ ان کے مطابق یہ ایک من گھڑت دعویٰ ہے جس کی انہیں شدید ضرورت ہے۔