امریش پوری کے بیٹے نے گووندا کو تھپڑ مارنے کی مشہور کہانی کی تردید کردی

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار امریش پوری کے بیٹے نے فلم کے سیٹ پر اداکار گووندا کو تھپڑ مارنے کی وائرل کہانی کی تردید کر دی۔
کئی برسوں سے یہ دعویٰ کیا جاتا رہا ہے کہ اداکار امریش پوری نے 1989 کی فلم دو قیدی کی شوٹنگ کے دوران گووندا کو اس وقت تھپڑ مار دیا تھا جب وہ تقریباً 9 گھنٹے کی تاخیر سے سیٹ پر پہنچے تھے۔
اب لیجنڈری اداکار امریش پوری کے بیٹے راجیو پوری نے اس واقعے کے بارے میں اپنی رائے دیتے ہوئے اس مشہور کہانی کی تردید کی۔
امریش پوری اور گووندا نے فلم دو قیدی میں ایک ساتھ کام کیا تھا، جو ان دونوں کی آخری مشترکہ فلم بھی ثابت ہوئی۔
وکی لالوانی کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے راجیو پوری نے کہا کہ انہیں یقین نہیں کہ ان کے والد نے کبھی گووندا کو تھپڑ مارا ہوگا۔ یہ واقعہ ان کے والد کی شخصیت سے مطابقت نہیں رکھتا، مجھے نہیں لگتا کہ یہ بات درست ہے، وہ غصے میں اس حد تک جانے والے انسان نہیں تھے۔ اگر کوئی شخص انہیں دو تین بار مسلسل پریشان کرتا تو وہ اپنی آواز بلند کر دیتے تھے، لیکن نہیں لگتا وہ کبھی کسی کو تھپڑ مارتے۔
راجیو نے کہا میں نے بھی اس بارے میں سنا اور پڑھا، لیکن یہ میرے لیے اتنی اہم بات نہیں کہ میں اس کے بارے میں سوچتا رہوں کیونکہ میں اپنے والد کو جانتا تھا اور مجھے یقین ہے کہ ڈیڈی ایسا کبھی نہیں کرتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاید اسی واقعے کے بعد گووندا نے امریش پوری کے ساتھ دوبارہ کام نہیں کیا ہوگا۔
انھوں نے کہا گوندا کو احساس ہوگیا ہوگا کہ وہ دیر سے پہنچے اور اتنی دیر سے آنا ان کے لیے مناسب نہیں تھا، لیکن مجھے نہیں لگتا کہ انہیں کسی کے خلاف اس طرح کی کوئی شکایت یا اعتراض تھا۔
امریش پوری اور گووندا نے 1989 میں دو قیدی میں کام کیا، ہدایتکار اجے کشیپ کی اس فلم میں سنجے دت، فرح، نیلم کوٹھاری، گلشن گروور اور سریش اوبرائے بھی اہم کرداروں میں شامل تھے۔



