کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا سپریم کورٹ کے فیصلے کو اس طرح نظر انداز کیا جائے گا،علیمہ خان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا سپریم کورٹ کے فیصلے کو اس طرح نظر انداز کیا جائے گا۔
راولپنڈی میں وکیل فیصل ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہم بڑے خوش تھے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت میں ہمیں کہا گیا تھا کہ ہم کوئی بات نہیں کریں گے، ہم بہت محتاط تھے، کوئی بات نہیں کی۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ میری بہن اور ڈاکٹر فیصل نے وہ بات کی جو ان کے ساتھ ہوا، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا سپریم کورٹ کے فیصلے کو اس طرح نظر انداز کیا جائے گا۔
اس موقع پر فیصل ملک نے کہا کہ ہمارے گواہ فتح اللہ برکی پر جرح تھی لیکن پراسیکیوشن نے غیر متعلقہ سوال کیے، ایسا لگتا ہے پراسیکیوشن تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ سوالات ایسے تھے جن کا اس کیس سے تعلق نہیں، علیمہ خان کی جائیداد سے متعلق سوالات کا کیس سے کوئی تعلق نہیں، کسی پرانے کیس کا موجودہ کیس سے کیا تعلق ہے؟



