میر رضا کے اہلخانہ کو اعتمادکرنا ہوگا ورنہ الزامات کا سلسلہ چلتا رہےگا،مرتضیٰ وہاب

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)میئرکراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ سندھ خود تحقیقات نہیں کرسکتے اس لیے میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن بنانےکا فیصلہ کیا ہے، میر رضا کے اہلخانہ کو اعتماد کرنا ہوگا ورنہ الزامات کا سلسلہ چلتا رہےگا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن 30 دن میں رپورٹ مرتب کرےگا، تحقیقات میں جہاں کہیں بھی کوتاہی ہوئی ہےکارروائی کی جائے گی، پولیس اور تحقیقاتی ادارے جوڈیشل کمیشن کی معاونت کریں گے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح میر رضا کے اہلخانہ کو مطمئن کرنا ہے، تحقیقات میں جو کوتاہیاں ہوئیں منظر عام پر آنی چاہئیں، میر رضا کے اہلخانہ کو حکومت کے نمائندوں پر اعتماد نہیں اسی لیے عدلیہ سے تحقیقات کرارہے ہیں ،میر رضا کے اہلخانہ کو اعتمادکرنا ہوگا ورنہ الزامات کا سلسلہ چلتا رہےگا، اہلخانہ، ان کے وکیل اور ہم سب تحققیات چاہتے ہیں۔
خیال رہےکہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے سندھ حکومت کی درخواست پر میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا ہے۔جسٹس عمر سیال کو جوڈیشل کمیشن کی سربراہی کے لیے نامزدکیا گیا ہے۔
دوسری جانب میر رضا کے لواحقین نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کو مستردکرتے ہوئے کمیشن کے قیام کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
میر رضا کے لواحقین نے سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں جے آئی ٹی کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔
جسٹس عدنان الکریم میمن نے چیمبر میں درخواست کی سماعت کی اور فریقین کو 31 اگست کے لیے نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔



