بھارت کیخلاف افغانستان کا بڑا اسکواڈ سامنے آگیا، ابراہیم زدران کو مکمل اختیارات مل گئے

کابل (جانو ڈاٹ پی کے): افغانستان نے بھارت کے خلاف 3 میچز پر مشتمل ٹی20 انٹرنیشنل سیریز کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں انجری سے نجات پانے والے خطرناک فاسٹ بولر نوین الحق کی واپسی نے بھارتی بیٹنگ لائن کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔

افغان کرکٹ بورڈ نے نوجوان بیٹر ابراہیم زدران کو پہلی مرتبہ مکمل اختیارات کے ساتھ ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔ افغانستان اور بھارت کے درمیان تین ٹی20 میچز 13 سے 17 ستمبر تک نئی دہلی میں کھیلے جائیں گے۔

نوین الحق دائیں کندھے میں اسٹریس فریکچر کے باعث آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 سے بھی باہر ہوگئے تھے۔ طویل عرصے تک انجری کا شکار رہنے کے بعد قومی اسکواڈ میں ان کی واپسی کو افغانستان کیلئے اہم تقویت قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ان کیپڈ بیٹر نور رحمان کو پہلی مرتبہ قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ نور رحمان متبادل وکٹ کیپر کے طور پر ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

افغانستان کے اسکواڈ میں کپتان ابراہیم زدران، وکٹ کیپر رحمان اللہ گرباز، نور رحمان، صدیق اللہ اتل، درویش رسولی، عظمت اللہ عمرزئی، گلبدین نائب، محمد نبی، راشد خان، ننگیال خروٹی، نور احمد، مجیب الرحمان، فضل الحق فاروقی، عبداللہ احمدزئی اور نوین الحق شامل ہیں۔

راشد خان، محمد نبی، نوین الحق اور فضل الحق فاروقی جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی نے افغان ٹیم کو مزید مضبوط بنا دیا ہے۔ بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر افغانستان کے اسپن اور فاسٹ بولنگ اٹیک کے ساتھ ساتھ جارح مزاج بیٹنگ لائن کا بھی سامنا کرنا ہوگا۔

نئی دہلی میں ہونے والی اس سیریز کو دونوں ٹیموں کیلئے اہم امتحان قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ افغانستان کی جانب سے متوازن اسکواڈ کے اعلان کے بعد شائقین کرکٹ کی نظریں اب 13 ستمبر کو ہونے والے پہلے ٹی20 پر مرکوز ہوگئی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button