عمران خان سے ملاقاتوں کی بندش غیر ذمہ دارانہ بیانات کا نتیجہ ہے، علی محمد خان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک بیٹھے بعض افراد کی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کے باعث عمران خان سے ملاقاتیں بند ہوئیں اور ان کے خلاف نئے مقدمات بھی قائم ہوئے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کی صورت میں احتجاجی اقدامات تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ باہر بیٹھے افراد کو چاہیے کہ وہ پاکستان واپس آکر بات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں کہتے کہ بیرونِ ملک موجود افراد عمران خان سے محبت نہیں کرتے، تاہم باہر موجود افراد اور اندر موجود پارٹی قیادت کے درمیان بہتر مفاہمت اور رابطے کی ضرورت ہے تاکہ عمران خان پر کسی قسم کے منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔
علی محمد خان نے کہا کہ ماضی میں، شبلی فراز اور عمر ایوب کے دور میں، عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریری نکات کور کمیٹی کے سامنے رکھے جاتے اور منظوری حاصل کی جاتی تھی، تاہم مسائل اس وقت پیدا ہوئے جب ملاقات کے بعد بعض افراد اپنے طور پر بیانات دینا شروع ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کو موجودہ صورتحال میں احتیاط سے کام لینے کی ضرورت ہے اور کوشش ہے کہ پہلے اختیار کیے جانے والے طریقہ کار کو دوبارہ بحال کیا جائے۔



