کوٹ ادو میں باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ نہر میں جاگرا، بچہ جاں بحق، 6 افراد لاپتہ

کوٹ ادو(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب کے ضلع کوٹ ادو میں سنانواں کے قریب مظفرگڑھ کینال میں باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ گرنے کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق ہوگیا، جبکہ تقریباً 6 افراد کے ڈوب کر لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق افسوسناک حادثہ شیخو شوگر مل سنانواں کے قریب پیش آیا، جہاں باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ بے قابو ہو کر مظفرگڑھ کینال میں جاگرا۔
حادثے کے فوری بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت تین بچوں کو نہر سے نکال لیا اور ریسکیو ٹیموں کے حوالے کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے ایک بچے کو موقع پر سی پی آر فراہم کیا جبکہ دیگر دو بچوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد رورل ہیلتھ سنٹر سنانواں منتقل کیا گیا۔
ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹر نے ایک بچے کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔
حکام کے مطابق حادثے میں تقریباً 6 افراد کے ڈوب کر لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیموں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو کی 4 گاڑیاں جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ مزید لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے نہر میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔



