وزیرآباد:پیٹرولیم لیوی اوراضافی ٹیکسز فوری ختم کیے جائیں،ناصر محمود کلیر

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ناصر محمود کلیر نے دھونکل، سویدرہ، کلاسکے،کوٹ عنایت خاں، الہ آباد نظام آباد، گھکا میتر اور مختلف علاقوں میں اجتماع اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی، پٹرول اور ٹیکسوں کے نام پر عوام کا معاشی استحصال ناقابلِ قبول ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے نت نئے ٹیکسز اور اضافی چارجز کے ذریعے شہریوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔ مہنگائی کے باعث عام آدمی پہلے ہی شدید پریشانی کا شکار ہے جبکہ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، بجلی کے شعبے میں آئی پی پیز کے معاہدوں اور ادائیگیوں کا معاملہ عوام کے سامنے شفاف انداز میں لایا جائے۔ بجلی کے یونٹ کی قیمت کا بڑا حصہ آئی پی پیز کو ادا کیا جاتا ہے جبکہ گزشتہ پانچ سال کے دوران 13 ہزار 397 ارب روپے آئی پی پیز کو ادا کیے گئے، جنہوں نے طور پر بجلی پیدا نہیں کی۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے عہدیداران اور کنان کے کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں کا مکمل فرانزک آڈٹ کرایا جائے اور قومی خزانے پر پڑنے والے غیر ضروری بوجھ کا خاتمہ کیا جائے۔ناصر محمود کلیر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور دیگر ٹیکسز عوام کی قوتِ خرید کو مزید کم کر رہے ہیں۔ حکومت پٹرولیم لیوی فوری ختم یا کم کرے، بجلی کے نرخوں میں کمی لائے اور ایسے ٹیکسز کا خاتمہ کرے جو عام شہری کی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب مزید مہنگائی اور ظالمانہ معاشی پالیسیوں کا بوجھ برداشت کرنے کی پوزیشن میں نہیں،جماعت اسلامی عوام کے حقوق اور معاشی انصاف کے لیے میدان میں موجود ہے اور حکمرانوں کو عوامی مسائل سے آنکھیں نہیں چرانی چاہئیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، پٹرولیم لیوی، مہنگی بجلی، ظالمانہ ٹیکسز اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی 7 اگست کو بھرپور احتجاج کرے گی۔ناصر محمود کلیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 7 اگست کے احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے مہنگائی، مہنگی بجلی اور عوام پر عائد غیر ضروری ٹیکسز کے خلاف اپنی آواز بلند کریں اور حکومت پر عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔



