ایران امریکا کشیدگی کا مذاکراتی حل ناگزیر ہے، سعودی کابینہ

ریاض (ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت سعودی کابینہ کے اہم اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے اور جنگ کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنے کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سفارتی راستوں کو ترجیح دینے کا اعادہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ، سعودی کابینہ نے غزہ میں ہتھیاروں کے خاتمے سے متعلق ہونے والے تاریخی امن معاہدے کا بھی گرم جوشی سے خیرمقدم کیا اور اس عمل میں کلیدی کردار ادا کرنے والے ممالک مصر، قطر، ترکیہ، امریکا اور دیگر ثالثوں کی کاوشوں کو سراہا۔
اجلاس کے دوران سعودی عرب کی قیادت میں قائم ہونے والے کثیر الملکی بحری دفاعی اتحاد کی تشکیل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ کابینہ نے عزم ظاہر کیا کہ بحیرہ احمر، باب المندب اور خلیجِ عدن میں بین الاقوامی بحری آمد و رفت اور تجارت کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔



