لاہور ہائیکورٹ: پی ٹی آئی کی مینارِ پاکستان پر جلسے کی درخواست مسترد

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 5 اگست کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت حاصل کرنے سے متعلق دائر درخواست پر اہم سماعت ہوئی۔
جسٹس مرزا وقاص رؤف نے پی ٹی آئی کے رہنما میاں عثمان اکرم کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سماعت کی، جس کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے مینارِ پاکستان پر جلسے کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل نے استدعا کی کہ اگر مینارِ پاکستان کی اجازت نہیں دی جا رہی تو تحریکِ انصاف کو جلسے کے لیے کوئی متبادل جگہ فراہم کر دی جائے، جس پر سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی نے انتظامیہ کو متبادل جگہ کی فراہمی کے لیے الگ سے کوئی درخواست دائر نہیں کی ہے۔
عدالت عالیہ نے دلائل سننے کے بعد سرکاری وکیل کو ہدایت جاری کی کہ وہ ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور سے متبادل جگہ پر جلسے کی اجازت سے متعلق باضابطہ ہدایات حاصل کریں اور آئندہ سماعت پر عدالت کے سامنے پیش کریں۔



