جائیکا کا پنجاب میں ترقیاتی شراکت داری وسعت دینے کا عزم، وزیراعلیٰ مریم نواز سے صدر جائیکا ڈاکٹر اکیہیکو تاناکا کی ملاقات

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر اکیہیکو تاناکا نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ کے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران شعبہ تعلیم، صحت، غذائیت، صنفی مساوات، خواتین کو بااختیار بنانے اور انسانی وسائل کی ترقی میں اشتراکِ کار بڑھانے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر فیصل آباد میں واٹر سپلائی اور سینی ٹیشن کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فیصل آباد ماڈل اور اربن انفراسٹرکچر کی طرز پر پنجاب کے دیگر شہروں تک بھی ایسے منصوبوں کو توسیع دینے کی شدید خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے زچہ و بچہ کی صحت، صاف پانی کی فراہمی، ادارہ جاتی اصلاحات اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے میدان میں جائیکا کے اہم کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب جائیکا کے ساتھ اپنی اس دیرینہ شراکت داری کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچیوں اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب، جائیکا کے صدر ڈاکٹر اکیہیکو تاناکا نے پنجاب حکومت کے ساتھ تعلیم، صحت اور انسانی وسائل کی بہتری کے لیے اپنے تمام تر تعاون اور مضبوط شراکت داری کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔



