چہلم حضرت امام حسینؓ پر پنجاب بھر میں امن برقرار، کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، آئی جی پنجاب

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں حالات پرامن رہے اور صوبے میں کسی بھی مقام پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
آئی جی پنجاب نے چہلم کے دوران بہترین سکیورٹی انتظامات پر پولیس فورس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پولیس نے 730 مجالس اور 420 عزاداری جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی۔
انہوں نے سی سی پی او لاہور، صوبے بھر کے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور ٹریفک پولیس افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، صوبائی وزراء، مشیران اور علاقائی نمائندوں کی رہنمائی نے سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
عبدالکریم کا کہنا تھا کہ جانفشانی سے فرائض انجام دینے پر سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس کے تمام آپریشنل یونٹس تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چہلم کے موقع پر سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج اور رینجرز کا بھی بھرپور تعاون حاصل رہا۔
آئی جی پنجاب نے شہریوں، مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، سکیورٹی اداروں اور میڈیا کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سب کے مشترکہ تعاون سے چہلم کے موقع پر امن و امان کی فضا برقرار رہی۔



