بلاول بھٹو دل بڑا کریں، لیڈر شکست پر روتے اچھے نہیں لگتے، طلال چودھری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں کشمیری عوام نے کارکردگی اور خدمت کو ووٹ دیا، جبکہ بلاول بھٹو کو شکست کو کھلے دل سے قبول کرنا چاہیے۔
طلال چودھری کی زیرِ صدارت پونچھ ڈویژن کے انتخابی جائزہ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدواروں نے شرکت کی، جہاں انتخابی مہم، تنظیمی امور اور پولنگ ڈے کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ انتخابات کے ابتدائی دو مراحل میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی وفاقی اور پنجاب حکومت کی کارکردگی پر کشمیری عوام کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "دل بڑا کریں، لیڈر شکست پر روتے اچھے نہیں لگتے۔”
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہر خطہ پنجاب کی طرز کی ترقی اور عوامی خدمت چاہتا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کے ایجنڈے پر اپنی سیاست جاری رکھے گی۔



