حکومتی اتحادی نے وزیراعظم کو دھاندلی زدہ قراردیدیا، موجودہ سسٹم عوام کا اعتماد کھوچکا،اب ری سیٹ ناگزیر ہے،بیرسٹرگوہر

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کا کہنا ہے کہ موجودہ سسٹم عوام کا اعتماد کھوچکا ہے اور اب ری سیٹ ناگزیر ہے۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اہم حکومتی اتحادی نے وزیراعظم کو دھاندلی زدہ قرار دیا، پیپلزپارٹی کو بھی دھاندلی زدہ سمجھتا ہوں تاہم حکومتی اتحادی کے بیان کے بعد وزیراعظم کو فوری اعتماد کا ووٹ لینا چاہیے تھا مگر وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لینےمیں ناکام رہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نےخاموشی اختیارکی، اس سےظاہر ہوتاہے اعتماد ختم ہوچکا، پورا حکومتی ڈھانچہ عملی طور پر کولیپس کر چکا ہے، حکومت اخلاقی جواز کھو بیٹھی، آئینی، قانونی اور جمہوری اعتبار سے یہ حکومت اپنی حیثیت کھوچکی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعظم نے اعتماد کھودیا، اب سسٹم کے خاتمے کا وقت آگیا ہے، موجودہ سسٹم عوام کا اعتماد کھو چکا، ری سیٹ ناگزیر ہے، ایسےحالات میں مزید حکومتیں بنانےکے بجائے عوام سےرجوع کیاجائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عدم اعتماد لانےکا آئینی طریقہ موجود ہے، اتحادیوں سےمشاورت کریں گے، قومی مفاد میں اتفاق رائے سے سیاسی بحران کا حل نکالاجائے۔
بیرسٹر گوہر کا مزیدکہنا تھا کہ صوبوں کےعوامی مطالبات پر ایوان کو سنجیدگی سے پیش رفت کرنا ہوگی، سسٹم کو ری سیٹ کرنے پر دو رائے نہیں ہونی چاہئیں تاہم سوال یہ ہے سسٹم کو ڈیفالٹ موڈ پر کس نے پہنچایا۔



