محسن نقوی کی زیرِ صدارت اجلاس، ملک بھر کیلئے پولیس کلیرنس سرٹیفکیٹ نظام کی اصولی منظوری

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس بیورو کا دورہ کیا اور ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں یومِ پولیس شہداء کے موقع پر ملک بھر کے پولیس شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور جرائم کے قلع قمع کے لیے پولیس شہداء کی قربانیوں کو سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہپولیس شہداء ہمارے سروں کے تاج ہیں اور ان کا احسان کبھی نہیں اتارا جا سکتا۔ حکومت شہداء کے لواحقین اور خاندانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہمیشہ ان کی سرپرستی جاری رکھے گی۔

اجلاس کے دوران عوامی سہولت اور پاسپورٹ و ویزا عمل کو آسان بنانے کے لیے ملک بھر کے لیے یکساں پولیس کریکٹر / پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ کے نظام کی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ اب یہ سرٹیفیکیٹ نیشنل پولیس بیورو کے ذریعے جاری کیا جائے گا اور اس کے تمام تر پیچیدہ عمل کو مکمل طور پر آن لائن اور تیز رفتار بنایا جا رہا ہے تاکہ شہری گھر بیٹھے بیورو کے پورٹل سے یہ سہولت حاصل کر سکیں۔

علاوہ ازیں، محسن نقوی نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے لیے بھی ملک گیر سطح پر ایک ہی یکساں اور جدید نظام وضع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان اقدامات سے بیرونِ ملک سفر کرنے والے پاکستانی شہریوں کو درپیش دشواریوں کا خاتمہ ہوگا۔

وزیرِ داخلہ نے مزید کہا کہ نیشنل پولیس بیورو کو ایک مکمل فعال، متحرک اور جدید ادارہ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس کے بعد انہوں نے بیورو کی عمارت کی تزئین و آرائش کا معائنہ بھی کیا، جبکہ ڈی جی نیشنل پولیس بیورو نے انہیں ادارے کے مستقبل کے منصوبوں اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

مزید خبریں

Back to top button