غیرحاضراساتذہ کی خیر نہیں!سندھ حکومت کاچہرے کی شناخت کےذریعے حاضری کے جدیدنظام کااعلان

17 اگست سے 6 اضلاع میں باقاعدہ آغاز، انٹرنیٹ کے بغیر بھی کارآمد ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں اہم فیصلہ

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) حکومتِ سندھ نے تعلیمی نظام میں شفافیت لانے اور اساتذہ کی غیر حاضری کے خاتمے کے لیے ایک بڑا اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے فیشل ریکگنیشن اٹینڈنس مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم (FRAMES) کے باقاعدہ آغاز کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں منعقدہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے اعلیٰ سطح اجلاس میں اس سمارٹ ڈیجیٹل گورننس کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیرِ تعلیم سید سردار علی شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی اور پرنسپل سیکریٹری آغا واصف سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ کے 6 اضلاع میں 17 اگست سے FRAMES کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ اس جدید نظام کے تحت اساتذہ اور اسکول کے تمام عملے کی حاضری اب ان کے چہرے کی شناخت (Facial Recognition) سے ممکن بنائی جائے گی۔ یہ محض حاضری کی ایپلیکیشن نہیں بلکہ تعلیمی شعبے میں گورننس اور شفافیت کی جانب ایک اہم اصلاح ہے۔

وزیرِ تعلیم سید سردار علی شاہ نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں صوبے کے ہر ڈویژن سے ایک ضلع منتخب کیا گیا ہے، جہاں تمام تدریسی و غیر تدریسی عملے کی رجسٹریشن اور اسکولوں کی جیو ٹیگنگ (Geo-tagging) کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ یہ ایپ آن لائن اور آف لائن (بغیر انٹرنیٹ) دونوں طریقوں سے کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس سے دور دراز علاقوں میں بھی ریکارڈ خودکار اور ناقابلِ ردوبدل رہے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ ابتدائی مرحلے کے دوران اسکول انتظامیہ کو مکمل تکنیکی معاونت فراہم کی جائے تاکہ نظام کو کامیابی سے چلایا جا سکے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ان 6 اضلاع میں کامیاب تجربے کے بعد FRAMES کو مرحلہ وار سندھ کے تمام اضلاع تک پھیلایا جائے گا تاکہ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button