پنجاب امن و امان سمیت ہر شعبے میں نمبر ون ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے خوشاب سے تعلق رکھنے والے ارکانِ صوبائی اسمبلی آصف ملک اور ظفر عباس خان نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور حلقہ خوشاب کے عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ارکانِ اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقے کے دیرینہ اور اہم عوامی مسائل سے آگاہ کیا، جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام مسائل کے فوری، پائیدار اور مؤثر حل کی کامل یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر ارکانِ صوبائی اسمبلی نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر عوام کے بھرپور اعتماد اور کامیابی پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے خوشاب میں الیکٹرک بس سروس کے کامیاب آغاز پر شکریہ ادا کیا اور آزاد کشمیر کے عوام کو 10 جدید الیکٹرک بسوں کا تحفہ دینے کے اقدام کو بھی بے حد سراہا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) قائد محمد نواز شریف کی بصیرت افروز قیادت میں پنجاب سمیت پورے ملک اور آزاد جموں و کشمیر کی مقبول ترین عوامی جماعت بن چکی ہے۔ آج تمام صوبوں سے ایک ہی آواز آتی ہے کہ پنجاب امن و امان کے قیام، گڈ گورننس اور ترقیاتی منصوبوں سمیت ہر شعبے میں باقی سب سے آگے اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔



