پی سی بی کو بڑا ریلیف: کھلاڑیوں کے معاہدوں اور تنخواہوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم معطل

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بڑا انتظامی و قانونی ریلیف دیتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی تنخواہوں، میچ فیس، سینٹرل کنٹریکٹس اور مالی فوائد سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا انفارمیشن کمیشن کا حکم معطل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے پی سی بی کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے پاکستان انفارمیشن کمیشن کے 9 جولائی کے فیصلے پر حکمِ امتناع جاری کرتے ہوئے فیصلے پر عمل درآمد آئندہ سماعت تک روک دیا۔ عدالت نے اس سلسلے میں پاکستان انفارمیشن کمیشن اور شہری کاشف شہزاد اعوان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔
سماعت کے دوران پی سی بی کے وکیل کاشف ملک ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان انفارمیشن کمیشن کی جانب سے طلب کردہ معلومات صرف ادارہ جاتی اخراجات تک محدود نہیں ہیں، بلکہ ان میں انفرادی شخصیات (کھلاڑیوں) کی ذاتی مالی معلومات اور انتہائی خفیہ (کانفیڈینشل) معاہدوں کی تفصیلات شامل ہیں، جنہیں عام نہیں کیا جا سکتا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی سی بی کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد انفارمیشن کمیشن کا حکم معطل کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔



