استعفیٰ دوں گا نہ پیچھے ہٹوں گا، آخر تک ڈٹا رہوں گا، ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا دوٹوک اعلان

تہران (ویب ڈیسک) ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے شدید سیاسی اور دفاعی تناظر میں استعفیٰ کی تمام افواہوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی نہیں ہوں گے اور موجودہ حالات میں ڈٹے رہیں گے۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) اور ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر مسعود پزشکیان کے جاری کردہ ویڈیو بیان کے اہم حصے نشر کیے گئے ہیں، جن میں انہوں نے فوج اور سلامتی کے اداروں سے مکمل رابطے کی تصدیق کی ہے۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ خطے کی صورتحال اور جنگی واقعات سے متعلق صدر کی گفتگو کا مکمل متن جلد جاری کیا جائے گا۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ارنا) کے مطابق صدر پزشکیان نے قوم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسی اندرونی یکجہتی اور معاشرت تشکیل دینی ہوگی جو دشمن کو مداخلت کا کوئی ترغیب یا موقع نہ دے، اور نہ ہی ہمارے درمیان تقسیم پیدا کر کے ہمیں کمزور کرنے کی کسی سازش کو کامياب ہونے دے۔ ایران اپنی سرحدوں اور خود مختاری کے دفاع کے لیے پرعزم ہے، تاہم وہ جنگ کو وسعت دینے کا بالکل خواہاں نہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ مذاکرات کی پیشرفت کے دعوے کو تہران نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ فی الوقت کسی بھی قسم کی بات چیت یا مذاکرات طے نہیں پائے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button