پولیس کے شہداء قوم کے حقیقی ہیروز ہیں، ان کا لہو امن کی ضمانت ہے، محسن نقوی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے ایک بااثر پیغام میں کہا ہے کہ پولیس فورس کے شہداء کی لازوال اور بے مثال قربانیاں قومی تاریخ کا انتہائی درخشاں اور روشن باب ہیں، جنہیں قوم ہمیشہ فخر سے یاد رکھے گی۔
یومِ شہدائے پولیس کی مناسبت سے جرات و بسالت کے پیکر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امن و امان کی بحالی اور شہریوں کی حفاظت کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے پولیس افسران اور جوان قوم کے حقیقی ہیروز ہیں۔ ملک بھر میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پولیس فورس کی خدمات اور ان کا کردار قابلِ فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور سنگین جرائم کے خاتمے کی جنگ میں پولیس نے جس جرات، بہادری اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے، اس کی نظیر ملنا مشکل ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہدائے پولیس کی عظیم اور ناقابلِ فراموش قربانیاں ہی دراصل اس وطن کے امن اور سلامتی کی ضامن ہیں۔ پوری قوم اپنے ان غیور اور بہادر پولیس افسران اور جوانوں کے عزائم اور ان کی عظیم قربانیوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتی ہے۔



