حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983 ویں عرس کا آخری روز، عقیدت مندوں کا سمندر امڈ آیا، لاہور میں عام تعطیل

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت سید علی بن عثمان ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش رحمة اللہ علیہ کے 983 ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کا آج آخری روز ہے۔ اس روحانی موقع پر ملک بھر سے لاکھوں زائرین اور عقیدت مند داتا دربار پر حاضری دے کر فیوض و برکات سمیٹ رہے ہیں۔

عرس کے اختتامی روز آستانہ عالیہ پر قرآن خوانی، خصوصی دعاؤں، محافلِ نعت اور ذکر و اذکار کا روحانی سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔ زائرین کی سہولت کے لیے دربار انتظامیہ کی جانب سے وسیع پیمانے پر لنگر، دودھ کی سبیلوں اور ٹھنڈے پانی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے میڈیکل کیمپس اور ریسکیو سروسز کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

زائرین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار تعینات ہیں۔ دربار اور ملحقہ علاقوں کی سیکیورٹی کے لیے واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی کیمروں سے 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ مزید برآں، شہر میں ٹریفک کا بہاؤ برقرار رکھنے کے لیے متبادل روٹس کا نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔

عرسِ مبارک کی مناسبت سے آج لاہور میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ تعطیل کا اطلاق ڈپٹی کمشنر لاہور کے ماتحت ضلعی دفاتر، سرکاری اداروں، لاہور ہائیکورٹ پرنسپل بنچ اور ماتحت عدلیہ پر ہوگا۔ تاہم، پنجاب سول سیکرٹریٹ اور دیگر صوبائی محکمے حسبِ معمول کھلے رہیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button