ایبٹ آباد میں طوفانی بارشوں سے تباہی، برساتی ندی میں بہہ جانے والی 3 بچیوں میں سے 2 کی لاشیں برآمڈ، ایک کی تلاش جاری


ایبٹ آباد(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں شدید طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، ندی نالوں میں طغیانی اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو گئے۔ افسوسناک واقعے میں سکول سے گھر واپس آنے والی تین بچیاں برساتی ندی عبور کرتے ہوئے تیز پانی کی زد میں آ گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق تین بچیوں میں سے دو کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ ایک بچی کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
شدید بارش کے باعث شاہراہِ ریشم سمیت شہر کی متعدد اہم شاہراہیں زیرِ آب آ گئیں، جبکہ بلال ٹاؤن، حسن ٹاؤن، نیازی کالونی اور ایوب روڈ سمیت کئی رہائشی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کا قیمتی سامان اور گاڑیاں متاثر ہوئیں۔
بیرن گلی میں موسلادھار بارش کے باعث ایک سکول کی عمارت منہدم ہو گئی، جبکہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد سڑکیں بند ہونے سے کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ دیہی علاقوں میں بجلی کے کھمبے گرنے سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور کمشنر ہزارہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور برساتی پانی کے قریب جانے سے اجتناب کریں اور حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔