حکومت ناکام ہو چکی، وقت آنے پر حمایت واپس لے سکتے ہیں، ندیم افضل چن

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی کارکردگی میں ناکام ہو چکی ہے اور اگر حالات کا تقاضا ہوا تو پیپلز پارٹی مناسب وقت پر حکومت سے اپنی حمایت واپس لینے کا فیصلہ بھی کر سکتی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش سنگین چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ایک میز پر بیٹھنا ہوگا تاکہ قومی مسائل کا مشترکہ حل نکالا جا سکے۔

ندیم افضل چن نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے اس مؤقف کی حمایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کی بات میں وزن ہے اور اس پر پارلیمان اور میڈیا میں سنجیدہ بحث ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ملک میں پارلیمانی نظام اور صدارتی نظام کے حوالے سے کھل کر بحث کی جائے، کیونکہ ان کے مطابق موجودہ نظام مؤثر انداز میں کام کرتا دکھائی نہیں دے رہا۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جب وزیر داخلہ خود ملکی حالات پر تشویش کا اظہار کریں تو یہ صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ محسن نقوی کے حالیہ بیانات پر پیپلز پارٹی اور صدر آصف علی زرداری بھی حیران تھے۔

انہوں نے زور دیا کہ قومی مسائل کے حل کے لیے وسیع سیاسی مکالمہ ناگزیر ہے اور تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھ کر ملک کے مستقبل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button