ملک بھر میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، سکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور/کراچی(جانوڈاٹ پی کے) نواسۂ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج ملک بھر میں نہایت عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر کراچی، لاہور، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، حیدرآباد سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں چہلم کے جلوس برآمد ہو رہے ہیں۔
امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ہزاروں پولیس افسران اور اہلکار جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پر تعینات ہیں۔
کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جس کے باعث جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے اور ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔
اسلام آباد میں چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناء عشری جی-6 میں اختتام پذیر ہوگیا، جبکہ پشاور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوا۔
لاہور میں مرکزی جلوس حویلی الف شاہ اندرون دہلی گیٹ سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے گزرتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
دوسری جانب کوئٹہ کے قائدآباد، گوالمنڈی اور بروری کے علاقوں میں آج موبائل فون سروس معطل رہے گی، جبکہ حیدرآباد، مٹیاری، دادو، سجاول، ٹنڈو اللہ یار، ٹھٹھہ اور جھرک میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔



