پاک ایران تجارتی تعلقات میں نیا موڑ: ایرانی وزیر صنعت کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد اسلام آباد پہنچے گا

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے/مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے ایران کا 22 رکنی اعلیٰ سطح کا سرکاری وفد آج اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔

وفاق کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دسویں مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اہم اجلاس کل اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایرانی وزیر برائے صنعت، کان و تجارت محمد اتابک کریں گے۔ اس اہم اجلاس میں ایران چیمبر آف کامرس کا 16 رکنی کاروباری وفد بھی خصوصی طور پر شرکت کرے گا۔

اجلاس کے دوران پاک ایران آزاد تجارتی معاہدے (FTA) پر اب تک ہونے والی پیش رفت اور دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے حکمتِ عملی کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان کسٹمز، بینکاری نظام میں تعاون، سرحدی تجارتی مراعات (Border Trade) اور سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا، جبکہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو قریب لانے کے لیے تجاویز پر غور اور آئندہ کے مشترکہ لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button