بدین:سیرانی کے قریب میر واہ نہر میں 50 فٹ چوڑا شگاف، شہر کو شدید سیلابی خطرات لاحق

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)تحصیل بدین کی ساحلی پٹی میں واقع شہر سیرانی کے قریب میر واہ نہر کے لیفٹ سائیڈ پر تقریباً 50 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے شہر اور اس کے گردونواح کو شدید سیلابی خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ شگاف سے نکلنے والا پانی تیزی سے آبادی کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے باعث متعدد رہائشی علاقے، رورل ہیلتھ سینٹر، واٹر سپلائی کے تالاب اور ایک نجی اسکول زیرِ آب آنے کے خطرے سے دوچار ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق شگاف پڑتے ہی محکمہ آبپاشی کے متعلقہ حکام کو فوری طور پر اطلاع دے دی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود نہر کے ریگولیٹر سے پانی کی فراہمی بند نہیں کی گئی، جس کے باعث شگاف مسلسل چوڑا ہوتا جا رہا ہے اور صورتحال تشویشناک شکل اختیار کر گئی ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت شگاف پر قابو نہ پایا گیا تو پانی **سیرانی۔بدین روڈ** تک پہنچ سکتا ہے، جس سے آمدورفت مکمل طور پر معطل ہونے کے ساتھ ساتھ وسیع پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا خدشہ پیدا ہو جائے گا۔

شہریوں نے حکومت سندھ، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر شگاف بند کیا جائے، میر واہ نہر میں پانی کی سطح فوری کم کی جائے اور متاثرہ علاقوں کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے بچانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button