جت پل کی تعمیر نہ ہونے پر تھر کول بائی پاس بند، شہریوں کا شدید احتجاج

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)شادی لارج کے رہائشیوں نے جت پل کی تعمیر نہ کیے جانے کے خلاف تھر کول بائی پاس پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا، جس کے باعث سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک معطل ہو گئی مظاہرین نے جت موری کی فوری تعمیر کا مطالبہ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مولوی عبداللہ سندھی اور دیگر رہائشیوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ جت موری ہزاروں افراد کی آمد و رفت کا واحد راستہ ہے، جو گرنے کے بعد گزشتہ آٹھ ماہ سے تباہ حال پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تعمیر کے لیے متعلقہ اداروں کو متعدد درخواستیں دی جا چکی ہیں، مگر اب تک کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا انہوں نے مزید کہا کہ منتخب نمائندے ووٹ لینے کے لیے تو عوام کے پاس آتے ہیں، لیکن عوام کے مسائل اور مشکلات میں ان کا ساتھ نہیں دیتے۔ اب عوام سوچ سمجھ کر ووٹ دے گی اور جو لوگ عوام کے دکھ درد میں شریک نہیں ہوتے، ان کے ساتھ بھی آئندہ اسی طرز کا رویہ اختیار کیا جائے گا مظاہرین نے کمشنر حیدرآباد اور ڈپٹی کمشنر بدین سے مطالبہ کیا کہ جت موری کی فوری تعمیر کرا کے علاقے کے ہزاروں رہائشیوں میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا



