گاڑیوں کے نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کا فیصلہ، RFID سسٹم متعارف

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں تمام سرکاری اور نجی گاڑیوں کے نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نئے نمبر پلیٹس میں ریڈیو فریکونسی آئیڈنٹیفکیشن (RFID) اسٹیکرز نصب کیے جائیں گے، جن کے ذریعے گاڑیوں کی شناخت اور ٹریکنگ ممکن ہوگی۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق نئے نظام کا اطلاق تمام سرکاری اور پرائیویٹ گاڑیوں پر یکساں طور پر کیا جائے گا۔
حکام نے بتایا کہ اس وقت صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے نمبر پلیٹس کی قیمت 1,200 روپے ہے، جبکہ RFID اسٹیکرز سے لیس نئے نمبر پلیٹس 4,000 روپے میں فراہم کیے جائیں گے۔
محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ جدید RFID ٹیکنالوجی کے استعمال سے گاڑیوں کی شناخت، نگرانی اور ٹریکنگ کا نظام مزید مؤثر اور محفوظ بنایا جا سکے گا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر کشتیوں کے ڈوبنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اپر سوات نے مختلف مقامات پر چلنے والی کشتیوں کا جامع سروے کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق سروے کے دوران کشتیوں کی حفاظتی معیار، فٹنس اور آپریشنل صلاحیت کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے والی کشتیوں کے آپریشن پر پابندی عائد کر دی جائے گی تاکہ سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔



