پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سابق چیئرمین ممتاز جوہری سائنسدان ڈاکٹر پرویز بٹ انتقال کر گئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) کے سابق چیئرمین اور ملک کے ممتاز جوہری سائنسدان ڈاکٹر پرویز بٹ 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی وفات پر سائنسی، دفاعی اور قومی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر پرویز بٹ پاکستان کے جوہری اور اسٹریٹجک پروگرام کے بانی ارکان میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے 1963 میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن میں شمولیت اختیار کی اور چار دہائیوں سے زائد عرصے تک ملک کے جوہری پروگرام کی ترقی، استحکام اور مضبوطی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
وہ 2001 سے 2006 تک پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین رہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان کے جوہری سائنس و ٹیکنالوجی پروگرام کو مزید وسعت ملی، جبکہ نیوکلیئر پاور، ایندھن کے سائیکل اور ملک کی اسٹریٹجک صلاحیتوں کے فروغ میں بھی انہوں نے نمایاں کردار ادا کیا۔
ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ڈاکٹر پرویز بٹ قومی اہمیت کے مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیتے رہے۔ وہ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی سیکریٹری، پلاننگ کمیشن میں جوہری توانائی کے مشیر اور اپنی وفات تک نیشنل کمانڈ اتھارٹی (NCA) اور اسٹریٹجک پلانز ڈویژن (SPD) کے مشیر کی حیثیت سے قومی دفاع اور اسٹریٹجک امور میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔
ڈاکٹر پرویز بٹ کی وفات کو پاکستان کے سائنسی اور دفاعی شعبے کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی قومی خدمات، پیشہ ورانہ مہارت اور جوہری پروگرام کی مضبوطی میں کردار کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔



