وفاقی وزارت چھوڑ کر احتجاج کریں،ترجمان سندھ حکومت کا مصطفیٰ کمال پر جوابی وار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ترجمان سندھ حکومت گنہور خان اسران نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی سندھ کا دل ہے اور سندھ حکومت نے ہمیشہ شہر کو اپنی ترقیاتی ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔
گنہور خان اسران نے کہا کہ کراچی کی ترقی پر سیاست کرنے والے پہلے اپنی کارکردگی کا حساب دیں۔ انہوں نے چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر مصطفیٰ کمال واقعی احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو پہلے وفاقی وزارت سے استعفیٰ دے کر دکھائیں۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال وفاقی وزیر ہونے کے باوجود کبھی وفاق سے کراچی کے حقوق کے لیے مؤثر آواز نہیں اٹھا سکے۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اور نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں کسی ایک شہر کے لیے الگ مالی حصہ مقرر نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق این ایف سی ایوارڈ کے تحت وسائل صوبوں کو ملتے ہیں، جنہیں بعد ازاں اضلاع میں تقسیم کیا جاتا ہے، جبکہ وفاق وسائل پورے صوبے کے لیے فراہم کرتا ہے، نہ کہ کسی مخصوص سیاسی جماعت یا گروہ کے لیے۔
گنہور خان اسران نے مصطفیٰ کمال کی ماضی کی کارکردگی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بوری بند لاشوں، چائنا کٹنگ، سرکاری زمینوں اور املاک کی مبینہ غیر شفاف فروخت اور شہری اداروں کی تباہی کی تاریخ عوام کے سامنے ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ واٹر بورڈ، کے ایم سی اور دیگر شہری اداروں میں مبینہ طور پر جرائم پیشہ عناصر اور ٹارگٹ کلرز کو کس دور میں بھرتی کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کو یرغمال بنانے والے عناصر آج خود کو کراچی کا خیرخواہ ظاہر کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے کراچی میں متعدد اہم ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں، جبکہ کئی نئے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ ان کے مطابق عوامی خدمت اور ترقیاتی اقدامات بعض سیاسی عناصر کو ہضم نہیں ہو رہے۔



