آئندہ سماعت پر دلائل کا آغاز نہ کیا گیا تو قانون اپنا راستہ لے گا؛چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

بانی اور بشریٰ بی بی کےوکالت نامے پر دستخط کراکے دینے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکالت نامے دستخط کراکے دینے کی ہدایت کردی،چیف جسٹس سرفراز ڈوگرنے کہاکہ وکیل آئندہ سماعت پر دلائل کا آغاز کریں،سلمان صفدر دستیاب نہیں تو نیا وکیل دلائل کا آغاز کرے،آئندہ سماعت پر دلائل کا آغاز نہ کیا گیا تو قانون اپنا راستہ لے گا۔

تفصیلات کے مطابق 190ملین پاؤنڈ کیس میں  بانی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے سماعت کی،بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ میں سلمان صفدر کی جانب سے پیش ہوا ہوں،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ اپیلوں پر  دلائل شروع کرنے کاکہا تھا، کیا آپ نے گزشتہ سماعت کا آرڈر پڑھا ہے؟

سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ سلمان صفدر کو صحت کے مسائل ہیں، ان کا علاج ہو رہا ہے،سلمان صفدر نے ٹوکیو میں چیک اپ کرانا ہے ،عدالت نے کہاکہ سلمان صفدر موجود نہیں تو کیا کوئی اور بھی دلائل نہیں دے گا؟

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ ہم نے گزشتہ سماعت پر ملاقات کرانے کا حکم دیا تھا، سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ہمیں ابھی تک وکالت نامہ نہیں ملا، چیف جسٹس نے کہاکہ آپ نے ملاقات کرلی، وکالت نامہ بھی دستخط کروا لیتے،نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ انہوں نے اپیلیں دائر کی تھیں ان پر انگوٹھے بھی لگے تھے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ اس عدالت نے سزا معطلی کی درخواستیں مسترد کردی تھیں،سزامعطلی مسترد ہونے کو چیلنج کرنا چاہتے ہیں، وکالت نامے نہیں مل رہے۔عدالت نے کہاکہ وہ علیحدہ معاملہ ہے، آپ چیلنج کرسکتے ہیں، ہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔

چیف جسٹس  سردار سرفراز ڈوگر نے کہاکہ ہم تو اپیلیں سننے کیلئے بیٹھے ہیں، آپ دلائل نہیں دے رہے۔

عدالت نے بانی اور بشریٰ بی بی کے وکالت نامے دستخط کراکے دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی گئی ۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ وکیل آئندہ سماعت پر دلائل کا آغاز کریں،سلمان صفدر دستیاب نہیں تو نیا وکیل دلائل کا آغاز کرے،آئندہ سماعت پر دلائل کا آغاز نہ کیا گیا تو قانون اپنا راستہ لے گا۔

مزید خبریں

Back to top button