پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کردی گئی
قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 264 روپے 61 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے

اسلام آباد (ویب ڈیسک): حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 48 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 264 روپے 61 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 285 روپے 83 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
یاد رہے کہ امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور درآمدی پریمیم میں کمی کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 9 روپے اور 3 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ ڈیزل کو بھاری ٹرانسپورٹ، ریلوے، زرعی مشینری، ٹریکٹرز اور ٹیوب ویلز میں بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے، اس لیے اس کی قیمتوں میں رد و بدل مہنگائی پر براہِ راست اثر ڈالتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ قیمتوں میں کمی گزشتہ دو ماہ کے دوران پہلی بار سامنے آئی ہے، تاہم عمومی طور پر کرایوں میں کمی واقع نہیں ہوتی حالانکہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی ہو چکی ہو۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت اس وقت پیٹرول اور ڈیزل پر مختلف لیویز کے ذریعے تقریباً 98 روپے فی لیٹر حاصل کر رہی ہے، حالانکہ جی ایس ٹی کی شرح بدستور صفر ہے۔
حکام کے مطابق فی لیٹر پیٹرول اور ہائی اوکٹین پر 78.02 روپے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 77.01 روپے کی پیٹرولیم لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی (سی ایس ایل) عائد ہے، جس میں 2.25 روپے فی لیٹر صرف سی ایس ایل کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔



