فرخ کھوکھر نے جے یو آئی (ف) میں شمولیت اختیار کرلی
تقریب میں مولانا فضل الرحمٰن نے فرخ کھوکھر کو خوش آمدید کہا

اسلام آباد (ویب ڈیسک): اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی زیر صدارت ایک اہم تقریب میں مرحوم تاجی کھوکھر کے صاحبزادے فرخ کھوکھر نے باقاعدہ طور پر جے یو آئی (ف) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ تاجی کھوکھر میں منعقدہ اس تقریب میں مولانا فضل الرحمٰن نے فرخ کھوکھر کو خوش آمدید کہا اور ان کی شمولیت کو پارٹی کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ فرخ کھوکھر جیسے بااثر شخصیت کی پارٹی میں شمولیت سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں جے یو آئی کی سیاسی قوت کو مزید تقویت ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ پارٹی کو جڑواں شہروں میں مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) اب غیر پختون اور غیر دیوبندی افراد کو بھی ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی اختیار کر چکی ہے، اور یہ تبدیلی پارٹی کی وسعت اور قومی وحدت کی علامت ہے۔
مولانا نے مزید کہا کہ ان کی جماعت پاکستان کو اسلامی جمہوری ریاست بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر پاکستان کی اسلامی شناخت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن جے یو آئی (ف) ایسی تمام سازشوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہے گی۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معیشت بدترین حالات کا شکار ہے، مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، جبکہ خطے کے دیگر ممالک ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔
فرخ کھوکھر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ان کا خاندان پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ رہا ہے، مگر وہ مولانا فضل الرحمٰن کی دینی خدمات، قیادت کی بصیرت اور ختم نبوت کے معاملے پر ان کے مؤقف سے متاثر ہو کر جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شامل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا نے ہمیشہ ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی ہے، اور بھارت سے جنگ کے دوران پاکستان آرمی کی حمایت کرکے قومی یکجہتی کی مثال قائم کی۔
فرخ کھوکھر کی شمولیت کو سیاسی مبصرین جے یو آئی (ف) کی راولپنڈی و اسلام آباد میں سیاسی میدان میں قدم جمانے کی کوششوں کا اہم حصہ قرار دے رہے ہیں۔



