دفتر خارجہ نے امریکی صدر کے دورہ پاکستان کی خبروں سے لاعلمی ظاہر کردی
صدر ٹرمپ 17 سے 19 ستمبر تک برطانیہ کا سرکاری دورہ کریں گے

اسلام آباد (ویب ڈیسک): ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ممکنہ دورہ پاکستان کی خبروں پر لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں صدر ٹرمپ کے دورہ اسلام آباد سے متعلق کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
قبل ازیں یہ رپورٹس گردش کر رہی تھیں کہ امریکی صدر 18 ستمبر کو بھارت میں ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے بعد چند گھنٹوں کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے، جہاں ان کی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے نے یہ بھی رپورٹ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ 17 سے 19 ستمبر تک برطانیہ کا سرکاری دورہ کریں گے۔ برطانوی شاہی محل کی جانب سے بھی اس دورے کی تصدیق کر دی گئی ہے، جس کے مطابق امریکی صدر کنگ چارلس کی دعوت پر لندن پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر کے پاکستان کے ممکنہ دورے کے حوالے سے سرکاری سطح پر کسی بھی قسم کی تصدیق یا شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔



